شموئل احمد


شموئل احمد


04 Dec, 2016 | Total Views: 350

   

شموئل احمد ۴؍ مئی ۱۹۴۳ء کو صوبۂ بہار کے مردم خیز ضلع بھاگل پورمیں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم بھاگل پور ہی میں حاصل کی۔۱۹۵۸ء میں گیا سے میٹرک پاس کیا ۔۱۹۶۰ء میں انٹر اور ۱۹۶۸ء میں جمشید پور سے سول انجنیرنگ کا امتحان پاس کیا اور ڈگری حاصل کی۔۱۹۷۳ء کے اوائل میں بوکارو میں بہ حیثیت انجنیر نوکری کا آغاز کیا اور چیف انجننیر کے پوسٹ سے ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۰۳ء میں سبک دوش ہوئے۔شموئل احمد نے اوائل عمری سے ہی کہانیاں لکھنا شروع کردی تھی۔ان کی ابتدائی دو کہانیاں اس وقت شائع ہوئیں جب وہ درجہ ششم کے طالب علم تھے۔پہلا افسانہ’’ صنم‘‘ پٹنہ میں ’’چاند کا داغ ‘‘ کے عنوان سے نومبر۔دسمبر ۱۹۶۲ء میں شائع ہوا۔یہ الگ بات ہے کہ یہ افسانہ کسی بھی مجموعے میں شامل نہیں ہے۔ساٹھ کہ دہائی میں شموئل احمد نے افسانہ نویسی کی دنیا میں قدم رکھ تو دیا لیکن اس کے بعد وہ کچھ عرصے تک چپی سادھ لی۔یہی وجہ ہے کہ ان کا پہلا افسانوی مجموعہ کافی تاخیر سے شائع ہوا۔اس کے بعد انہوں نے ادبی دنیا میں اپنی حیثیت منوالی ہے بل کہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اپنی دھاک بٹھا لی ہے۔افسانہ نگاری کے علاوہ شموئل احمد نے دو ناول بھی لکھے ہیں ۔تیسرا ناول ’’گرداب‘‘زیر قلم ہے۔سوانحی کولاژ پر مشتمل ایک کتاب’’اے دل آوارہ‘‘کے عنوان سے حال ہی میں ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس،نئی دہلی نے شائع کیا ہے۔ ناول ’’ندی‘‘ کے تاہنوز پانچ ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں اور ناول ’’مہاماری‘‘کا دوسرا ایڈیشن عرشیہ پبلی کیشنز ،نئی دہلی سے شائع ہوا ہے۔ان کے افسانوں کا ترجمہ ہندی،انگریزی،پنجابی اور دوسرے زبانوں میں بھی ہوچکا ہے۔علاوہ ازیں کچھ افسانوں پر فلم اسکرپٹ بھی بن چکے ہیں۔شموئل احمد کی کتابیں درج ذیل ہیں:

۱۔بگولے (چودہ افسانے) سُرخاب پبلی کیشنز،پٹنہ ۱۹۸۸ء
۲۔سنگھار دان (دس افسانے) معیار پبلی کیشنز،نئی دہلی ۱۹۹۶ء
۳۔القمبوس کی گردن (نو افسانے) نقّاد پبلی کیشنز،پٹنہ ۲۰۰۲ء
۴۔عنکبوت (گیارہ افسانے) ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس،نئی دہلی ۲۰۱۰ء
۵۔ندی (ناولٹ)موڈرن پبلشنگ ہاؤس،نئی دہلی ۱۹۹۵ء
۶۔مہاماری (ناول)
۷۔اردو کی نفسیاتی کہانیاں(ترتیب) ارم پبلشنگ ہاؤس،پٹنہ ۲۰۱۴ء
۸۔پاکستان:ادب کے آئینے میں(ترتیب) ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس،نئی دہلی ۲۰۱۴ء
۹۔اے دلِ آوارہ (خود نوشت) ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس،نئی دہلی ۲۰۱۵ء
۱۰۔دہشت گردی کی کہانیاں(ترتیب)
۱۱۔عالمی افسانوں کا انتخاب(ترتیب)
۱۲۔گرداب (ناول)

تعارفی خاکہ دیگر


Comment Form



اردو فکشن

© 2017 Urdu Fiction. All right reserved.

Developed By: Aytis Cloud Solutions Pvt. Ltd.